لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف سے معافی مانگیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے لکھا کہ اپنی ناکامی اور بدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسران پر نکالنا فرعونیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں ميں غير معياری اور مہنگی اشيا حکومتی نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں، سيالکوٹ کے رمضان بازار ميں خاتون اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ ہونے والا سلوک قابل مذمت ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سول سرونٹس اور بیوروکریٹس پڑھ لکھ کر، محنت کرکے، مقابلے کے امتحان پاس کر کے اس مقام تک پہنچتے ہیں، سلیکٹ ہو کر نہیں آتے۔
لیگی رہنما نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا ہے۔ یہ رعونت قابل قبول نہیں، سونیا صدف سے معافی مانگیے۔