اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سازش کی بو آ رہی ہے، اگر کچھ ہونے جا رہا ہے تو اس کا پارلیمنٹ اور کشمیریوں کو نہیں پتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر اگر کوئی سازش ہو رہی ہے تو ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ نااہل حکومت نے ملک کا ستیاناس کر دیا ہے۔ موجودہ حکومت پاکستان کیلئے بہت بڑی لعنت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلاؤں گی۔ ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی فتح یقینی ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ اس لعنت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں میاں جاوید لطیف کی گرفتاری کی بھرپورمذمت کرتی ہوں، ان کو سچ بولنے پر سزا دی جا رہی ہے، وہ اتنے ہی محب وطن جتنے ہم سب ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میرا انٹرویو بہت کلیئر ہے، میں نے کہا تھا کہ ہم حکومت کوایکسپوز ہونے کا پورا موقع دینا چاہتے ہیں۔
کشمیر الیکشن پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر کی بہت خدمت کی۔