لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جاتی امرا اراضی کیس میں عبوری درخواست ضمانت پر مریم نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری نہ ہونے پر درخواست ضمانت نمٹا دی۔ عدالت نے نیب کو ہدایت کی ہے کہ مریم نواز کو گرفتاری سے دس دن پہلے آگاہ کیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے موقف اختیار کیا کہ مریم نواز نے اراضی کی چھان بین پر طلبی کے نوٹسز کے بعد ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ نیب انہیں بے بنیاد الزام میں گرفتار کرانا چاہتی ہے۔
نیب کے وکیل نے بتایا کہ مریم نواز کے رائیونڈ اراضی کی منتقلی کے معاملے پر وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔ مریم نواز کے وکیل نے استدعا کی کہ نیب وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے دس دن پہلے مریم نواز کو آگاہ کریں۔ عدالت نے اسی بنیاد پر مریم نواز کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔ بنچ نے نیب کو ہدایت کی ہے کہ مریم نواز کی گرفتاری کی صورت میں انہیں دس دن پہلے آگاہ کیا جائے۔
بعدازں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب عمران خان کے کہنے پر انتقامی کارروائیاں کرتا ہے، نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے، ن لیگ کیخلاف دن رات پروپیگنڈا کیا گیا، ن لیگ کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی، فروری میں یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں جیت سکے، ہر فورم پر شکست کے بعد انہیں عوام کے میدان میں آنا پڑا، یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچاؤ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کر دیا، عوام نے ان کو ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، ن لیگ کو توڑنے کیلئے 5 سال سرتوڑ کوشش کی گئی، رانا ثنا اللہ پر جھوٹا مقدمہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے آپس کے معاملات پر کچھ نہیں کہنا چاہتی، حکومتی اراکین ٹی وی پر حکومت کیخلاف بات کر رہے ہیں۔