پی ڈی ایم توڑنے کی بنیاد (ن) لیگ کے سینئر نائب صدر نے رکھی، پیپلز پارٹی

Published On 08 April,2021 09:37 pm

چارسدہ: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما سید نیئر بخاری نے بڑا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم توڑنے کی بنیاد مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر نے رکھی، نوٹس دینے والوں نے خود اصول توڑے۔

نیئر بخاری کا چارسدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے چارٹر پر پیپلز پارٹی تو کاربند ہے لیکن شاید شوکاز دینے والے نہیں، نااہل حکمرانوں کے خلاف ہر اتحاد بنانے کو تیار ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو توڑا گیا، اے این پی علیحدہ نہیں ہوئی تھی، نجانے انہیں کس بات کی جلدی تھی۔

تفصیل کے مطابق پیپلز پارٹی کا وفد بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ولی باغ چارسدہ گیا، جہاں پر انہوں نے اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی کی عیادت کی۔

وفد نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام بھی پہنچایا۔ وفد میں پی پی پی سیکرٹری جنرل نئیر بخاری، سینیٹر شیری رحمان، فیصل کریم کنڈی اور صوبائی صدر ہمایوں خان شامل تھے۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان اور سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے وفد کا استقبال کیا۔

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر بخاری نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں فیصلہ ہوگا۔ پی ڈی ایم کا اتحاد بہت اہم تھا، نوٹسز دینے والوں نے اصول توڑے۔ پی ڈی ایم ایک نااہل حکمرانوں کو باہر نکالنے کیلئے تھا۔

اے این پی کے سیکرٹری جنرل میاں افتحار حسین کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جمہوریت کی بحالی کیلئے ایک سیاسی اتحاد تھا۔ ہم نے جلد بازی میں فیصلہ نہیں کیا، عوامی نیشنل پارٹی نے اپنی سو سالہ تاریخ کومد نظر رکھ کر فیصلہ کیا ہے۔

نئیر حسین بخاری کا نے کہا کہ ایک سوچ رکھنے والے پارٹیوں کو متحد ہونا چاہیے۔ ہم لانگ مارچ سے پیچھے نہیں ہٹے، ماضی میں اچھے ورکنک ریلیشنز تھے، مستقبل میں بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement