عوامی نیشنل پارٹی پی ڈی ایم سے الگ، فیصلے کا احترام کرتے ہیں: ن لیگ

Published On 06 April,2021 05:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے علیحدگی کے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے خلاف بڑے مقصد کے لیے بنائی گئی تھی، عوامی نیشنل پارٹی کے فیصلے سے دکھ ہوا۔اے این پی کی طویل جدوجہد ہے، شوکاز نوٹس کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی سے وضاحت مانگی تھی۔

 اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم دس جماعتوں کا اتحاد ہے۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ لیکر بنایا گیا۔

 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اگلے الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہو گئی ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں بہت مسائل پیدا ہو گئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی بالکل ٹھیک راستے پر چل رہی ہے۔