لاہور: (دنیا نیوز) سورج آنکھیں دکھانے لگا، ملک کے بیشتر علاقوں میں جھلسا دینے والی گرمی جوبن پر پہنچ گئی۔ لاہور میں پارہ 44 ڈگری تک چھونے کا امکان ہے۔
لاہور41، اسلام آباد 40، چکوال، نورپور تھل میں درجہ حرارت43 ریکارڈ کیا گیا۔ دالبندین میں درجہ حرارت 43، بنوں اور دادو میں 42 ڈگری کو چھو گیا۔ محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی درجہ حرارت 50 تک جانے کی پیشگوئی کر دی۔
جڑواں شہروں میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچا تو شہریوں کی ہمت جواب دے گئی۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی یہ لہر ہیٹ ایگزاشن یا ہیٹ سٹروک کا باعث بن سکتی ہے۔ شہری غیر ضروری گھر سے ہر گز نہ نکلیں۔
ڈاکٹرز نے ہدایت کی ہے کہ گرمیوں میں شہری پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ورنہ پٹھوں میں کھینچاؤ سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا بھی کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچے گا۔
ادھر کراچی کا موسم گرم اور مرطوب ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 22 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔