پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 09 June,2021 09:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی، ان عناصر نے ڈھائی برس میں ملک و قوم کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افراتفری پھیلانے والے عناصر کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، نئے عزم اور جذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں، کرپشن سے پاک اور معیاری منصوبے ہماری حکومت کا طرۂ امتیازہے، حکومت کے دامن پر سکینڈل کا کوئی داغ نہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارا ڈھائی برس کا مختصر دور سابق ادوار کی 3 دہائیوں کے مقابلے میں شفاف ترین ہے، سابق ادوار میں ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا، عوام آج بھی کرپشن کی داستانوں کو نہیں بھولے، سابق حکمران وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا، ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے لوٹ مار کے کلچر کو دفن کر دیا ہے، قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں، اللہ کا شکر ہے ہماری حکومت کے منصوبے معیار اور شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
 

Advertisement