عثمان بزدار جوڑ توڑ میں کامیاب، ترین گروپ سمیت دیگر کا بجٹ میں ساتھ دینے کا اعلان

Published On 13 June,2021 03:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب بجٹ سے پہلے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ ترین گروپ، ہم خیال اور جنوبی پنجاب گروپ وعدے پورے ہونے پر عثمان بزدار سے خوش ہو گئے، بجٹ میں ساتھ دینے کا اعلان کر دیا، ق لیگ بھی بجٹ منظور کرانے میں پیش پیش رہے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا بجٹ سے پہلے جوڑ توڑ، سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی کی ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقاتیں، ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، اشرف علی انصاری اورمحمد غیاث الدین شامل ہیں۔ محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد،غضنفرعباس اور اظہر عباس چانڈیا بھی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ان کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں،پنجاب کا نیا بجٹ صوبے کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کا نیا باب رقم کرے گا۔ تعلیم، صحت،زراعت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کے لئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ ہر ضلع کے لیے علیحدہ ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ہے، کسی ضلع کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں، پی ڈی ایم کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی۔

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت کے درمیان بھی رابطہ ہوا، ق لیگ بطور اتحادی بجٹ کی منظوری میں حکومت کا ساتھ دے گی۔ ترین گروپ ، جنوبی پنجاب محاذ اور ہم خیال گروپ نے بھی بزدار حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
 

Advertisement