اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک سکیورٹی فورسزکا آپریشن جاری رہے گا، دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے سکیورٹی فوسز کےحوصلے پست نہیں کرسکتے۔
پیر کو یہاں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں وفاقی وزیر نے دہشت گردوں کی کارروائی میں ایف سی بلوچستان کے 4 اہلکاروں کی شہادت کے واقعے پر دکھ اور شہداء کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ اانتہائی افسوسناک ہے، بلوچستان پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر نے صوبے کو ٹارگٹ کر رکھا ہے۔ اس طرح کی بزدلانہ کاروائیوں سے سکیورٹی فوسز کےحوصلے پست نہیں کئے جا سکتے، ملک میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک سکیورٹی فورسزکا آپریشن جاری رہے گا۔