لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان مقدر کا سکندر ہے، نکمی اور نااہل حزب اختلاف سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، شہبازشریف کو روک کر نام ای سی ایل میں ڈالا۔ جہانگیر ترین گروپ کے تمام ووٹ بجٹ میں عمران خان کو ملیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے، اتنی نالائق، نکمی، نکھٹو اور نا اہل اپوزیشن نہیں دیکھی، ملک میں کوئی اپوزیشن نہیں۔ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوئے جس کا عمران خان کو دکھ ہے۔ شہباز شریف کو ہم نے روک لیا اور نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، ان کی وزارت داخلہ کو درخواست دینےکی مدت ختم ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، قوم نے کورونا کی تیسری لہر پر قابو پایا۔ سائنو فام بہترین ویکسین ہے، چین کو ویکسین فراہم کرنے پر سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کے طبی عملے نے کورونا وائرس کے دوران ایک تاریخ رقم کی ہے، اس دوران جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ شہادت کے مرتبے پر فائز ہیں۔ بھارت میں بورڈز لگے ہیں نوویکسی نیشن، مگر پاکستان میں کہیں نوویکسین کابورڈنہیں لگا۔