اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کرکے غیر جمہوری اقدام کیا، وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 14 June,2021 09:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کرکے غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی اقدام کیا۔ غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرکے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے۔ اپوزیشن کا رویہ نامناسب اور غیر ذمہ دارانہ رہا۔ اپوزیشن کو علم ہے کہ اس بجٹ میں صوبے کے عوام کو حقیقی ریلیف دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بجٹ پر سیاست چمکانا زیب نہیں دیتا۔ بجٹ حقیقت پسندانہ ترقیاتی اہداف پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ ماضی کی حکومت کی طرح اعدادوشمار کی جادوگری نہیں، صوبے کی عوام کی خوشحالی پر فوکس کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ میں 66 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں اس سے بہتر، متوازن اور ریلیف کا حامل بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا۔ پنجاب میں ترقی کے نئے باب رقم ہوں گے۔
 

Advertisement