اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں عوام کی بات نہیں ہوسکتی، وزیر گالیاں دے کر بھی شہباز شریف کی تقریر نہ روک سکے، ملک میں سرکس اور تماشا لگا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم و لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی تو ٹوٹی ہوئی ہے، جہاں بجٹ تقریر کی بجائے کتابیں ایک دوسرے کو ماری جائیں وہ اسمبلی عوام کی بات کر رہی ہے ؟ ملیکہ بخاری کی ویڈیو موجود ہیں، ان کے اپنے ہی ساتھی نے کتاب مار کر آنکھ زخمی کی، آج یہ پریس کانفرنسز کر رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب نے بتایا زرتاج گل بھی زخمی ہوئی ہیں، زرتاج گل کو اسمبلی کی قابل خاتون سمجھتا ہوں، وہ کل تک زخمی نہیں تھیں، سپیکر ایوان کے ہر فرد کو چہرے سے پہچانتا ہے، سپیکر نے ہاؤس کا تقدس پامال ہوتے دیکھا اور چپ رہا، اسد قیصر کبھی کسی کیخلاف کارروائی نہیں کریں گے، سپیکر کو چاہیے وہ استعفیٰ دے دیں۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے بھی 2 سال کا عرصہ لگا کر انتخابی اصلاحات کیں، آج انتخابی اصلاحات کیلئے مضحکہ خیز باتیں لکھی ہوئی ہیں۔