راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں برطانیہ کے متوزان کردار کی قدر کرتا ہے۔ برطانیہ کے ساتھ سٹرٹیجک تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور افغان امن عمل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا وبا کے خلاف لڑائی میں تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا، انہوں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل نے آرٹلری سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ آرمی چیف نے اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کو کرنل کمانڈنٹ آرٹلری کور کا بیج لگایا۔ اس تقریب میں سبکدوش ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز سمیت افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب میں افسروں اور جوانوں سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ انہوں نے اعلیٰ ترین معیار رکھنے اور آپریشنز میں شاندار کارکردگی دکھانے پر کور کی تعریف کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آرٹلری کور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ کور کو مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی تیار کیا جائے گا۔