کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر صوبائی حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیدی، اپوزیشن لیڈر ملک سکندر سمیت 250 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں ہنگامی آرائی کرنے پر اپوزیشن لیڈر ملک سکندر سمیت 250 افراد کے خلاف میں مقدمہ درج کیا گیا، نامزد ملزمان کے خلاف اقدام قتل، لڑائی جھگڑا، دھمکی اوربلوا سمیت 17 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے بھی وزیراعلیٰ بلوچستان اور پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کےلئے تین درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
ادھر بلوچستان حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیدی، اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے آج سہ پہر 3 بجے مشاورتی اجلاس بلالیا۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کو بلایا گیا ہے، اجلاس میں اسمبلی میں پیش آنیوالے واقعہ پر بات چیت ہوگی۔