بلوچستان اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس: 17 اپوزیشن ارکان نے گرفتاری دے دی

Published On 21 June,2021 03:13 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں قائد حزب اختلاف سمیت 17 اپوزیشن ارکان نے گرفتاری دے دی۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ یہ لوگ سیاست جانتے ہیں نہ جمہوریت، کسی کے سامنے جھکے ہیں نہ جھکیں گے، پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔

اپوزیشن ارکان نے بجلی روڈ تھانہ میں گرفتاری پیش کی۔ ایف آئی آر میں نامزد 17 ارکان نے گرفتاری دی۔ جن میں بی این پی سے اختر حسین لانگو، میر حمل کلمتی، بابو رحیم مینگل، اکبر مینگل، ملک نصیر شاہوانی، احمد نواز، شکیلہ نوید دہوار، زینت شاہوانی، ٹائٹس جانسن شامل ہیں۔ جمعیت علما اسلام سے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ، زابد ریکی، یونس زہری، اصغر ترین، نواز احمد کاکڑ، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی سے نصر اللہ نے گرفتاری پیش کی۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت حکومتی و اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سپیکر عبدالقدوس بزنجو پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر اور اپوزیشن کے معاملے کو پارٹی سطح پر بھی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومتی پارلیمانی لیڈرز کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی کے ذمہ دار سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو ہیں۔

حکومتی نمائندوں نے کہا کہ سپیکر اپنی ذمہ داری ادا کرتے تو یہ نوبت نہ آتی۔ وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے رویے سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے، ایوان کی بالادستی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔