کوئٹہ: (دنیا نیوز) سابق نگران وزیر اعظم پاکستان جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو انتقال کر گئے، تدفین آبائی علاقے میں کی جائے گی۔
میر ہزار خان کھوسو گزشتہ کئی دنوں سے کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، اُن کی میت ایمبولینس کے زریعے ان کے آبائی علاقے تحصیل لہڑی روانہ کر دی گئی ہے، جہاں اُن کی تدفین کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔ عثمان بزدار نے میر ہزار خان کھوسو مرحوم کی ملک کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر ہزار خان کھوسو کے انتقال سے پاکستان ایک محب وطن شخصیت سے محروم ہو گیا، اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔