لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے دھماکے کے بعد تفتیشی اداروں نے مرکزی ملزم کے ساتھ رابطے میں رہنے والی خاتون کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوہر ٹاؤن دھماکے میں تفتیشی اداروں کو بڑی کامیابی ملی ہے، تفتیشی اداروں نے ملزم پیٹر پال کے رابطے میں رہنے والی خاتون کو حراست میں لے لیا ہے۔ پیٹرپال لاہور قیام کے دوران ایک خاتون سے رابطے میں رہتا تھا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ خاتون کرن کو پیٹر پال کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا، خاتون سے پیٹرپال بارے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کار مکینک کو حراست میں لیا تھا۔
ذارئع کے مطابق مکینک کو گاڑی کی تیاری اور مرمت میں مدد فراہم کرنے کے شبہ میں حراست میں لاگیا ہے۔ حساس اداروں نے حراست میں لیے گئے شخص کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ تفتیشی ادارے تاحال گاڑی کو دھماکے کی جگہ چھوڑ کر جانے والے کو تلاش نہ کر سکے۔
دوسری جانب واقعے میں ملوث گرفتار ملزم ڈیوڈ پال کے گھر کا سراغ لگایا لیا گیا۔ لاہور جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں ملوث گرفتار ملزم ڈیوڈ پال محمود آباد کا رہائشی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے ڈیوڈ پال کے گھر کا سراغ لگایا۔
رات گئے ڈیوڈ پال کے گھر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ بھی مارا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر کی تلاشی کے دوران چند دستاویزات قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پیٹر پال ڈیوڈ بحرین میں سکریپ اور ہوٹل کا کاروبار کرتا ہے، ملزم ڈیڑھ ماہ پہلے بحرین سے کراچی پہنچا تھا۔ ڈیوڈ نے ڈیڑھ ماہ کے دوران 3 بار لاہور کا دورہ کیا، 27 دن یہاں مقیم رہا۔ ملزم کے لاہور میں قیام کے دوران مختلف افراد سے رابطوں کے شواہد ملے ہیں۔ یاد رہے گزشتہ روز حساس ادارے نے ائیر پورٹ سے غیر ملکی شخص کو حراست میں لیا تھا۔