گرمی بڑھتے ہی لاہور میں لوڈشیڈنگ، لیسکو کو 550 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا

Published On 29 June,2021 09:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گرمی کی شدت بڑھتے ہی شہر لاہور میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا، لیسکو کو 550 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا، مختلف علاقوں میں 3 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جانے لگی۔

تفصیل کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی طلب بڑھ گئی ہے۔ لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں 8 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

شہر کے دیہی اور مضافاتی علاقوں میں 7 سے 8 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کی جانب سے ہائی لاسز فیڈرز پر بھی 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی اور ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار کم ہونے کے باعث شارٹ فال بڑھا، سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز کے جلنے کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔

مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر اور تار جلنے سے بھی گھنٹوں بجلی بند رہنے لگی ہے۔ لیسکو کی بجلی کی طلب 4550 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اسے 4000 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس کے باعث شارٹ فال 550 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
 

Advertisement