کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر زمین پر قبضوں کے الزامات درست ہیں، چیئرمین نیب کہہ دیں پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار نہیں کریں گے، حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر مروڑ چیئرمین نیب کو اٹھ رہے ہیں، آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں، منتظر ہوں نیب مجھے بلائے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کہہ رہا ہوں حلیم عادل کو گرفتار کریں، پوری نیب اچھل پڑی، توقع نہیں تھی حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر نیب کو تکلیف ہوگی، حلیم عادل شیخ نے غلط طریقے سے لوگوں کو زمینیں بیچیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب اس ملک کے معزز لوگوں کیساتھ زیادتی کر رہی ہے، نیب کی وجہ سے بے شمار لوگوں نے خود کشیاں کیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے، نیب کی پریس ریلیز سے تاثر ملا کہ میں توہین نیب کا مرتکب ہوا ہوں، 31 اے سب سے پہلے چیئرمین نیب پر لگنا چاہیئے، چیلنج کرتا ہوں مجھے نوٹس بھیجیں، ان کے منہ پر ان کے کرتوت بتاؤں گا، چیئرمین نیب حکومتی ایما پر کام کرتے ہیں، چیئرمین نیب حکومت کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں، قانون کا غلط استعمال سب سے زیادہ چیئرمین نیب کر رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ نیب نے جو گاڑیاں تحویل میں لیں وہ کن کے استعمال میں ہیں ؟ نیب کے افسران قبضے میں لی گئی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں، حکومت کی طرح نیب نالائق اور نااہل ہے۔