ای پورٹل سے طلبہ کوتعلیمی اسناد کی ایکولینس میں آسانی ہو گی،وفاقی وزیرتعلیم

Published On 06 July,2021 05:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ای پورٹل سے طلبہ کو اپنی تعلیمی اسناد کی ایکولینس میں آسانی ہو گی اور وقت بچے گا۔

انہوں نے وزارت تعلیم میں آئی بی سی سی ای پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ قمر ، سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری آئی بی سی سی غلام علی ملاح موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے خطاب میں آئی بی سی سی کو ای پورٹل کے اجرا پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ اس پورٹل سے طلبہ کو اپنی قیمتی تعلیمی اسناد کو محفوظ کرنے کے لئے ایکولینس حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور وہ اس کی ٹریکنگ بھی کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای پورٹل پر آن لائن فیس جمع کرانے کی بھی سہولت میسر ہے اور طلبہ کو بینکوں میں لمبی لائنوں کی زحمت نہیں کرنا پڑے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی بی سی سی کا ایکولینس کا پرانانظام بھی کام کرتا رہے گا کیونکہ جن علاقوں میں آن لائن کی سہولت میسر نہیں ہے وہ آئی بی سی سی کے دفاتر میں جا کر اپنی اسناد کی ایکولینس حاصل کر سکتے ہیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ ملک میں تقریباً 30 کے قریب تعلیمی بورڈز کام کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ کیمبرج اور دیگر بین الاقوامی بورڈز بھی ہیں۔ ان تمام مشاورت سے یہ سسٹم تیار کیا گیا ہے۔ اس میں طلبہ کی قیمتی اسناد گم ہونے کا خطرہ نہیں رہے گا اور محفوظ رہیں گی۔
 

Advertisement