پاکستان عالمی امن برقراررکھنےکیلئےچین کی کاوشوں کی حمایت کرتاہے:وزیراعظم

Published On 06 July,2021 08:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چین اور پاکستان کو’’ آئرن برادر‘‘ قرار دیتے ہوئے پاکستان عالمی امن، ترقی اور بین الاقوامی نظام برقرار رکھنے کے لیے اس کی کاوشوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی چائینہ کے ورچوئل سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے چین پوری دنیا کیلئے مثال ہے، پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ملکی ترقی کیلئے اسی وژن پر عمل پیرا ہے۔ سی پیک منصوبہ علاقائی روابط بڑھانے کا سبب بنے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائینہ کے 100ویں یوم تاسیس پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 1921ء میں کمیونسٹ پارٹی آف چائینہ کا قیام عالمی تاریخ میں انتہائی دورس اثرات کا حامل واقعہ تھا۔ اس کی قیادت کے وژن نے چینی قوم کے جذبوں کو جلا بخشی۔

عمران خان نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی چائینہ (سی پی سی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جدوجہد،عزم اور ثابت قدمی کے مشترکہ جذبے کی بھی حامل ہیں۔ سی پی سی کا چینی قوم کوعظیم تر بنانے اور پی ٹی آئی کا ’’نیا پاکستان‘‘ وژن دونوں ممالک کے عوام کی امنگوں کا آئینہ دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں احتساب، شفافیت، میرٹ اور اسلامی فلاح وبہبود کے سنہری اصولوں پر قائم ہوئی۔ اشرافیہ کے تسلط اور اقربا پروری کے خاتمے کیلئے پی ٹی آئی تشکیل دی۔ پی ٹی آئی قانون کی بالا دستی، مساوات اور انصاف کے مشن پر سختی سے کاربند ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بنیادی مفادات کے امور میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ عوامی خدمت سے سیاسی جماعتیں عوامی حمایت حاصل کر سکتی ہیں۔ انسانیت کیلئے مشترکہ مستقبل جیسے باوقار مقصد کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے سماجی بہبود اور ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالے سے یونیورسل ہیلتھ کوریج کو اپنی ترجیح بنایا۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام ایشیا بھرمیں سماجی تحفظ کے بڑے اورنمایاں پروگراموں میں سے ایک ہے۔
احساس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 80 لاکھ مستحقین کو سماجی تحفظ فراہم کریں گے۔ احساس پروگرام خطے میں سماجی تحفظ کے پروگراموں میں سے ایک ہے۔

 

Advertisement