بلدیاتی اداروں کی بحالی پر عدالت میں ریویو پٹیشن دائر کر چکے ہیں، فردوس عاشق اعوان

Published On 06 July,2021 09:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی کیلئے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ہم ریویو پٹیشن بھی فائل کر چکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسے فی الفور سنا جائے۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے منگل کے روزے پی ڈی ایم اے آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو بااختیار بنانا پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ پی ڈی ایم اے میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ ہوا، یہ ادارہ ناصرف آنے والی آفت کا منہ موڑتا ہے بلکہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرتا ہے۔

معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ ایک طرف پاکستان ڈکیت موومنٹ ہے اور دوسری طرف پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہےجس کا کام ملک کی تعمیرو ترقی اور قدرتی آفات و مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے جبکہ پی ڈی ایم کا کام پاکستان کی تعمیر و ترقی میں روڑے اٹکانا ہے،اپوزیشن کو بجٹ پر تنقید کرنے کو کچھ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنا چاہتے ہیں، بلدیاتی اداروں کی بحالی کیلئے سمری وزیراعلی پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ہم ریویو پٹیشن بھی فائل کرچکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسے فی الفور سنا جائے،پہلے لاہور کے 274یو سی لارڈ میئر کو منتخب کرتے تھے جبکہ اب 50 لاکھ ووٹرز میئر کا انتخاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرے گا۔ 24 ہزار ویلیج کونسلز کو 6 ہزار کونسلز تک محدود کیا گیا ہے۔ نئے ایکٹ کے تحت 136 تحصیل کونسلز بنائی گئی ہیں۔ پہلے صرف لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن تھی اب 11 میٹروپولیٹن کارپوریشن بنانے جا رہے ہیں۔ ویلیج پنچائیت کے نظام سے تھانوں اور دیگر انصاف مہیا کرنے والے اداروں پر بوجھ کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست لے کر گئے ہیں اور یہ ہمارا حق ہے۔ امید کرتے ہیں کہ اس کی جلداز جلد شنوائی ہوگی۔