ڈی جی خان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی کا پہیہ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے، پہلی بار بجٹ میں 66فیصد اضافہ کیا گیا ہے،صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تونسہ کے نواحی علاقے چوکی والا براستہ ٹامک انرجی سینٹرسڑک کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لیا ،چوکی والا سے بلوچستان تک براستہ زین،بارتھی سڑک دوفیز میں بنے گی ۔وزیراعلیٰ پنجاب کوسڑک کی تعمیر کے اہم منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ، انہوں نے زیر تکمیل پراجیکٹ میں تعمیراتی مٹیریل اوردیگر امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کی قسمت بدل دوں گا،یہی میرا عہداورعزم ہے۔ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لئے صوبائی ملازمتوں میں 32فیصد کوٹہ مختص کررہے ہیں۔ میانوالی اوربھکر کو شامل کرنے پرکوٹہ 35فیصد کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے محروم علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، لاہور میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والے دور دراز علاقوں کے مسائل سے یکسر عاری تھے۔ ہر ضلع اورہر تحصیل میں جاکرمسائل اورضروریات کا جائزہ لے رہا ہوں۔ آج اپنے بھائیوں کے پاس ان کی خدمت کیلئے آیا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے علاقے میں فلاح عامہ کی سکیموں پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔