لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ریسکیو 1122 کو نئی ایمبولینسیں فراہم کی ہیں، 2015 کے بعد ریسکیو 1122 کو نئی ایمبولینسیں فراہم نہیں کی گئیں، ایمرجنسی سروس بہتر بنانے کے لئے نئی ایمبولینسیں خریدیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 86 تحصیلوں میں رواں برس ایمرجنسی سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، 27 اضلاع میں موٹر بائیک ایمبولینس سروس بھی شروع کی جا رہی ہے، دور دراز اور دشوار گزار راستوں پر بروقت ریسپانس کیلئے ائیر ریسکیو سروس شروع کی جائے گی، سابق دور میں 10 سال سے پنجاب ایمرجنسی کونسل کی میٹنگ نہ ہوئی جس کی وجہ سے کئی اہم امور التواء کا شکار رہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی ایکٹ 2021 کے ذریعے ریسکیورز کیلئے سروس سٹرکچر بنایا گیا ہے، ریسکیورز گزشتہ 15 برس سے سروس سٹرکچر سے محروم تھے، قانون سازی کے ذریعے پہلی بار ایمرجنسی سروس کو محکمہ کا درجہ دیا تاکہ ایمرجنسی میں بروقت فیصلہ سازی کی جا سکے، نوجوانوں کو ذمہ دار شہری بنانے کیلئے این سی سی کی طرز پر ریسکیو کیڈٹ کور کا آغاز کیا جا رہا ہے، ہر یونین کونسل کی سطح پر ایمرجنسی سروس کی بروقت فراہمی کیلئے کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں بھی تیار کی جائینگی۔