لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری کو 25 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا، الزامات کو بے بنیاد قرار دیکر چودہ دن میں معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیر اعلی کی قانونی ٹیم کی جانب سے عظمی بخاری کو ہتک عزت کا لیگل نوٹس بھجوایا گیا ہے جس میں وزیراعلی اور پرنسپل سیکرٹری کے خلاف الزامات کو من گھڑت، بے بنیاد قراردیا گیا ہے۔ قانونی نوٹس کے مطابق اکیس جون کو عظمی بخاری کی جانب سے پریس کانفرنس میں شرانگیز اور گمراہ کن الزامات لگائے گئے، عظمی بخاری نے وزیراعلی آفس کی جانب سے پوسٹنگ، ٹرانسفر پیسے لیکر کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چودہ دن میں بے بنیاد الزامات پر معافی مانگی جائے ورنہ قانونی کارروائی کاسامنا کرنا ہوگا۔ جاری لیگل نوٹس میں عظمی بخاری کی پریس کانفرنس کا متن بھی لف کیا گیا ہے۔