لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جوہر ٹاؤن دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے مالی امداد کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن بہادر پاکستانی قوم کا سامنا نہیں کر سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار جناح ہسپتال پہنچے اور جوہر ٹاؤن دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ فرداً فرداً زخمی افرادک ے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی زخمیوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جائیں، زخمیوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو مالی امداد دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ زخمی افراد کا فری علاج معالجہ ہوگا۔ ہماری ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔ ان کی جانب سے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے زخمیوں کی دیکھ بھال کیلئے اپنا دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ مسیحائی دکھی انسانیت کی خدمت کا ہی نام ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، ذمہ دار جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والے افراد سے اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔