لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے والٹن ائیرپورٹ کے تربیتی طیاروں کو 8 ہفتے تک پروازوں کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر سماعت کی جس میں والٹن ایئرپورٹ مسماری کیلئے آرڈیننس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے۔ دوران سماعت سول ایوی ایشن اتھارٹی نے والٹن ائیرپورٹ کے انفراسٹرکچر کی مریدکے، فیصل آباد اور سیالکوٹ منتقلی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے والٹن ایئر پورٹ کی اراضی پر کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے سو سالہ تاریخ کا حامل والٹن ایئر پورٹ گرانے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کر دیا ہے اور والٹن ایئر پورٹ کی حیثیت تبدیل کرنے سے قبل درخواست گزاوں کو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا لہذا والٹن ایئر پورٹ کی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے جاری آرڈیننس کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے والٹن ائیرپورٹ کے تربیتی طیاروں کو 8 ہفتے تک پروازوں کی اجازت دیتے ہوئے فریقین وکلا کو دلایل کے لیے طلب کر لیا۔