لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں بارش سے درجہ حرارت میں کمی آگئی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج رات مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کر دی۔
لاہور میں صبح سویرے آسمان پر بادل چھائے اور بارش ہوئی۔ ابر رحمت برسنے سے درجہ حرارت کم ہوگیا۔ بارش ایبٹ روڈ، مال روڈ، لکشمی چوک، ایمپریس سمیت دیگر علاقوں میں ہوئی۔ بارش کے بعد آج پھر شہر میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کا پارہ زیادہ سے زیادہ جانے کے امکانات 40 بتائے جا رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ریکارڈ کیا جائے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں نے خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم رہے گا، سبی اور نوکنڈی میں پارہ اڑتالیس کو چھونے کی توقع ہے۔