مزید وقت کا مطالبہ کرنیوالےطلبہ ضمنی امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں:وزیرتعلیم

Published On 09 July,2021 05:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ جو طلبہ مزید وقت مانگ رہے ہیں، وہ ضمنی امتحان میں شرکت کر سکتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر جاری اپنے بیان میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ امتحان کیوں ملتوی کیے جائیں؟ جو طلبہ پڑھ رہے ہیں ان کو کیوں سزا دی جائے؟

شفقت محمود نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سستی مقبولیت کے لئے طلبہ کے ساتھ سیاست کھیل رہی ہے۔ احسن اقبال اور سعد رفیق جیسے لوگ جانتے ہیں کہ بلوچستان اور سندھ میں امتحانات پہلے ہی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پچھلے امتحانات کی بنیاد پر طلبہ کو ترقی نہیں دی جا سکتی کیونکہ پچھلے سال امتحانات نہیں ہوئے۔ سعد رفیق اور احسن اقبال کو معلوم ہونا چاہیے کہ امتحانات طلبہ کی اہلیت جاننے کا پیمانہ ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم نے اپنی ٹویٹس میں لکھا کہ بارہویں کلاس اہم ہے، کیوں کہ اس کے بعد طلبہ نے یونیورسٹیوں اور پروفیشنل کالجوں میں جانا ہوتا ہے۔

 

 

Advertisement