اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر عارف علوی نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر علوی نے وزارتوں اور ڈویژنز سے کارکردگی رپورٹ طلب کرنے کا صدارتی حکم نامہ جاری کر دیا ہے، صدارتی حکم نامہ کے مطابق تمام وزارتیں اور ڈویژنز عید الاضحیٰ کے بعد ایوان صدر میں سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے تمام وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، کون سے پراجیکٹس جو اب تک پایہ تکمیل تک پہنچے انہیں اور جو زیر تعمیر ہیں ان کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق صدر علوی کے پارلیمنٹ سے مشترکہ خطاب کے لئے ہی حکومت سے کارکردگی رپورٹ طلب کی گئی ہے، حکومت کی کامیابیوں اور مستقبل کی حکمت عملی کی روشنی میں صدر کے خطاب کے مندرجات مرتب کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی حکومت کی کارکردگی پر عید کے بعد مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے، خطاب کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا چوتھا پارلیمانی سال شروع ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں تاحال صدر کے خطاب پر بحث کو بھی نہیں سمیٹا جاسکا، عارف علوی نے 20 اگست 2020ء کو مشترکہ اجلاس سے خطاب کر کے تیسرے پارلیمانی سال کا آغاز کیا تھا۔ صدارتی خطاب میں خارجہ اور داخلہ امور بھی حصہ ہوں گے، صدر مملکت ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تعلقات، کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا تذکرہ بھی اپنے خطاب میں کریں گے، عید کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ مشترکہ اجلاس کے حوالے سے انتظامات بھی کرے گا۔