افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج

Published On 18 July,2021 01:00 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) پاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کر لیا گیا۔

افغان سفیر کی بیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گھر سے کچھ فاصلے پر کھڑی ٹیکسی میں سوار ہو کر شاپنگ کرنے گئی، واپسی پر ایک اور ٹیکسی میں سوار ہوئی جو کچھ دیر بعد راستے میں رک گئی اور اچانک ایک شخص آکر گاڑی میں بیٹھ گیا۔

لڑکی کےمطابق نامعلوم شخص نے ان کے ساتھ مارپیٹ شروع کر دی، تشدد سے وہ بے ہوش ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آنکھ کھلی تو گندگی کے ڈھیر پر تھی، گھر کی بجائے پارک میں چلی گئی۔ والد کے آفس کولیگ کو بلایا جو مجھے گھر لے کر گیا۔

پریس کانفرنس کے دوران اغوا سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے بتایا کہ افغان سفیرکی بیٹی گھرسےپیدل نکلی، ٹیکسی سے کھڈامارکیٹ پہنچی۔ لڑکی ایف 6 سے گھر جا سکتی تھی لیکن ایف 9 جانےکوترجیح دی، اس کے کھڈا مارکیٹ سے راولپنڈی جانے کی تحقیقات کررہےہیں۔ واقعہ 16 جولائی کو ہوا، رپورٹ کل کیاگیا۔امید ہے ایک دو روزمیں ملزمان گرفتارہوجائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو پکڑنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے حکم دیا کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے ترجیحی بنیادوں پر معاملے کی تحقیقات کریں۔ تمام ادارے معاملے کی تحقیقات میں وفاقی پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔


 

Advertisement