اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد اور بلیک میلنگ کے کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت چاروں ملزمان کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا کی رہا کرنے یا جیل بھیجنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 20 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وقار گوندل نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ لڑکی اور لڑکے سے چھینی گئی رقم ملزمان کے گھر سے برآمد کرلی، ملزمان بلیک میل کر کے لی گئی 11 لاکھ کی رقم بھی واپس کرنے کو تیار ہیں، مرکزی ملزم عثمان مرزا بلیک میلنگ کی رقم لیتا اور سب میں تقسیم کرتا۔
مرکزی ملزم عثمان مرزا نے بلیک میلنگ کی رقم وصولی کا الزام ماننے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے کہا کہ لڑکی اور لڑکے کی ویڈیو بنانے والا ملزم ریحان بھی گرفتار ہوچکا، ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل ہو چکی، ملزمان کو شناخت کر لیا گیا، ملزمان کی آڈیو اور ویڈیو کی فارنزک کروانی ہے۔