اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ عراق کے ساتھ تجارتی، معاشی، ثقافتی اور عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عراق کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی سے ملاقات کے دوران کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ برادر ملک عراق کے ساتھ تجارتی، معاشی، ثقافتی اور عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تجارت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی کافی گنجائش ہے، نامزد سفیر عراق اور پاکستان کے مابین تجارتی روابط بڑھانے کیلئے کام کریں، پاکستانی کمیونٹی اور زائرین کی سہولت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین فضائی اور بحری روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، نامزد سفیر پاکستان اور عراق کے مابین اعلی سطح تبادلوں کے فروغ کیلئے کام کریں۔