اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر ترکی کی زمینی افواج کے کمانڈر جنرل امیت دندار کو نشان امتیاز عطا کیا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب پیر کو ایوان صدر میں ہوئی۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی وسول حکام نے شرکت کی۔ جنرل امیت دندار نیٹو، افغانستان میں کمانڈر سمیت ترکی کی فوج میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے دونوں دوست ممالک پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے۔ لاہور میں دہشتگردی کا واقعہ بھارتی پشت پناہی سے ہوا۔ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ فوجی تربیتی تعاون کے معاہدے سے دوطرفہ دفاعی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
صدر مملکت نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مثالی تعاون موجود ہے جنہیں تجارت اور دفاع کے شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عسکری تربیتی تعاون سے دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے ملک کی اقتصادی خوشحالی اور مسلم امہ میں اتحاد کے فروغ کے لئے کردار کو سراہا۔
صدر مملکت نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ لوگوں کے خلاف بھارتی فوج کے مظالم بالخصوص اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدامات کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے اور پاکستان کے خلاف برادر ملک افغانستان کی زمین استعمال کئے جانے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر جنرل امیت دندار نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ عقیدے، اقدار اور تاریخی تعلقات پر مبنی دیرینہ تعاون قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام پاکستانیوںکو اپنے بھائی سمجھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص دفاعی میدان میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے صدر مملکت کی جانب سے نشان امتیاز (ملٹری) عطا کئے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت نے ایک خصوصی تقریب میں جنرل امیت دندار کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا۔ تقریب میں پاکستان کے سینئر فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔