اسلام جھوٹی،غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتا ہے: علوی

Published On 03 July,2021 09:30 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ماضی میں قوموں کے مابین دشمنیاں جھوٹی خبروں کی بنیاد پر پیدا کی گئیں۔ اسلام جھوٹی اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کی کانووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کیلئے کامیابی کا مختصر ترین راستہ عصری فکری تبدیلی میں ہے، میں پاکستان کے حوالہ سے بہت زیادہ پرامید ہوں جو جدید علوم کے ساتھ ساتھ ہمدردی کے جذبے اور اخلاقیات پر مبنی فیصلوں کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کے عوام مشکل حالات کو اپنے حق میں بدلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان عصری علوم کی مدد سے عالمی اقوام میں ابھر کر سامنے آئے گا۔ دنیا میں دیگر ممالک کے خلاف جنگوں کا جواز پیدا کرنے کیلئے جھوٹی خبروں کا سہارا لیا گیا، ماضی میں قوموں کے مابین دشمنیاں جھوٹی خبروں کی بنیاد پر پیدا کی گئیں۔ عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کے حوالہ سے غلط رپورٹس کی بنیاد پر لاکھوں بے گناہ لوگ مار دیئے گئے۔ اسلام جھوٹی اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتا ہے کیونکہ یہ معاشرے میں افراتفری، بے یقینی اور تباہی کا ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں یورینیم کے غیر قانونی کاروبار کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس معاملہ پر مصدقہ اطلاعات ہونے کے باوجود اب تک عالمی سطح پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، یہ صورتحال مختلف ممالک کیلئے دنیا کے ترجیحی اور جانبدارانہ سلوک کی عکاسی کرتی ہے۔

Advertisement