خفیہ دورہ اسرائیل: زلفی بخاری نے خبروں کو جعلی قرار دیدیا

Published On 28 June,2021 04:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے قریبی دوست اور سابق معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کا خفیہ دورہ کرنے کی خبروں کو جعلی قراردیدیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستان کی طرف سے یہ دوسرا موقع ہے جب انہوں نے اسرائیل کا دورہ کرنے کے متعلق رپورٹس کی تردید کی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر 2020ء میں انہوں نے رپورٹس مسترد کی تھیں اور دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نومبر میں مبینہ دورے کے وقت پاکستان میں ہی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی مشیر یا کسی وزیر کے دورہ اسرائیل کی خبریں جعلی قرار

اس وقت ان افواہوں کا اس نیوز رپورٹ کے بعد آغاز ہوا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے امریکا سے دورے کی منظوری کے بعد نومبر 2020ء میں تل ابیب ایئرپورٹ پر اسرائیلی حکام سے ملاقات کی تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ برطانوی پاسپورٹ رکھنے والے نامعلوم مشیر کو اسرائیل کی وزارت خارجہ لے جایا گیا جہاں انہوں نے متعدد سیاسی عہدیداران اور سفارت کاروں سے ملاقات کی اور پاکستان وزیر اعظم کا پیغام ان تک پہنچایا۔ چونکہ زلفی بخاری برطانوی شہری بھی ہیں اس لیے سوشل میڈیا پر کئی افراد نے یہ قیاس آرائی شروع کردی کہ یہ رپورٹس ان سے متعلق ہیں۔

 اسرائیل ہایوم  میں نیوز رپورٹ شائع ہونے کے بعد آج ایک بار پھر منظر عام پر آیا، جس میں اسلام آباد کے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مبینہ دورے کا ذکر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ اسرائیل: جعلی خبر پر برطانوی ویب سائٹ کی زلفی بخاری سے معذرت

ہاریتز اخبار کے اَوی سکارف نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق زلفی بخاری نے انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے سربراہ یوسی کوہن سے ملاقات کے لیے اسرائیل کا دورہ کیا۔ نیوز رپورٹ میں اسلام آباد کے ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے اور اسے اسرائیلی ملٹری سینسر کی اجازت کے بعد شائع کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے قریبی ساتھی نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذاق کی بات یہ ہے کہ پاکستانی اخبار  اسرائیلی نیوز ذرائع  کی بنیاد پر کہہ رہا ہے کہ میں اسرائیل گیا، جبکہ اسرائیلی اخبار  پاکستانی ذرائع  کی بنیاد پر کہہ رہا ہے کہ میں نے اسرائیل کا دورہ کیا، تعجب ہے کہ خیالی پاکستانی ذریعہ کون ہے۔ بظاہر صرف میں وہ شخص تھا جو کسی الزام سے بچا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے ساتھیوں کا دورہ اسرائیل، شہباز گل نے خبروں کو جعلی قرار دیدیا

زلفی بخاری کے علاوہ وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زلفی بخاری نے گزشتہ سال واضح کیا تھا کہ انہیں کبھی حکومت نے اسرائیل نہیں بھیجا، یہ اسرائیل ۔ بھارت ۔ پاکستان جعلی نیوز پیڈلرز کا نیٹ ورک بہت بورنگ اور قابل پیش گوئی ہو رہا ہے۔ میڈیا سے گزارش ہے تھوڑی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور جعلی خبروں کو فروغ نہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آخری بار جب یہ پروپیگینڈا کیا گیا تھا تو زلفی بخاری نے نہ صرف اسے مسترد اور قانونی نوٹس بھیجا تھا بلکہ اسے رپورٹ کرنے والے ادارے مڈل ایسٹ مانیٹر نے معذرت بھی کی تھی۔

Advertisement