دورہ اسرائیل: جعلی خبر پر برطانوی ویب سائٹ کی زلفی بخاری سے معذرت

Published On 25 December,2020 04:26 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستان زلفی بخاری کے دورۂ اسرائیل سے متعلق جعلی خبریں چلانے والی ویب سائٹ نے ان سے معذرت کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف طاقتوں کا اسرائیلی کارڈ بری طرح ناکام ہو گیا۔ بھارت کے بعد اسرائیلی لابی کا ایجنڈا بھی بے نقاب ہو گیا۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور زلفی بخاری سے منسوب خبریں جھوٹی ثابت ہو گئیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے فیک نیوز نشر کرنے والوں کے خلاف قانونی چاری جوئی کی تو اسرائیلی نوازبرطانوی ویب سائٹ نے جھوٹی خبر کے تمام لنکس ہٹا دئیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی مشیر یا کسی وزیر کے دورہ اسرائیل کی خبریں جعلی قرار

مڈل ایسٹ مانیٹرویب سائٹ کے ڈائریکٹر نے زلفی بخاری کی قانونی ٹیم کو خط لکھا اور ان سے متعلق بے بنیاد خبر نشر کرنے پر معذرت کر لی اور اعتراف کیا کہ خبر حقائق کے منافی تھی۔ زلفی بخاری سے متعلق خبر نشر کرنے پر تحریری معذرت کریں گے۔

قانونی چارہ جوئی کا آغاز ہوتے ہی خبر کے ماسٹر مائنڈ کی بھی وضاحتیں سامنے آنے لگیں، برطانوی سکالر نور داہری کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا، لوگ مجھ سے سوال پوچھ رہے ہیں کہ اسرائیل کون گیا تھا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یقین سے بتا سکتا ہوں کہ زلفی بخاری ایسے کسی وفد میں شامل نہیں۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے جھوٹی خبریں پھیلانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ے کہ امید ہے بے بنیاد ذرائع کے نام پر الزام لگانے والے سینئر صحافی اور اینکرز بھی سر عام معافی مانگیں گے، مستقبل میں اپنے آپ کو شرمندگی سے بچانے کیلئے خبر کی تصدیق ضرور کریں۔
 

Advertisement