اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مساجد میں اہم سماجی موضوعات پر اسلامی تعلیمات واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علمائے کرام وراثت میں خواتین کے حقوق، بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے مسائل سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے وفد کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں ملاقات کے دوران کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ علمائے کرام مساجد کے ذریعے لوگوں میں اہم سماجی موضوعات پر اسلام کی تعلیمات واضح کریں، اسلام نے سب سے پہلے خواتین کو وراثت کا حق دیا، علمائے کرام وراثت میں خواتین کے حقوق پر مساجد کے ذریعے لوگوں میں آگاہی پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ علما بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے مسائل کے متعلق لوگوں کو تعلیم دیں۔ علمائے کرام معاشرتی اصلاح اور اخلاقی اقدار کے فروغ کیلئے کام کریں۔ علما منبر ومحراب کے ذریعے بین المذاہب وبین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ علمائے کرام نے کورونا کے دوران لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے ،ایس او پیز پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے تمام رویت ہلال کمیٹیوں کو فعال بنانے پر چیئرمین ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی ، زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران اور اعلیٰ حکام کی بھی شرکت کی۔