اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابی اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے سیاسی حقوق ملنے کیساتھ ساتھ انتخابی عمل کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر سینیٹر شبلی فراز، وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری، وزیر تعلیم شفقت محمود، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے وزیر سید امین الحق اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران کہی۔
صدر نے کہا کہ انتخابی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ملک کی سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین کی قومی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں انتخابی قوانین کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ایک شفاف انتخابی عمل کیلئے تعاون کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔