اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ای کامرس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ایمازون سیلرز کی فہرست میں شمولیت سے ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا اور نوجوان انٹرپرینیورز کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے چھوٹے اور درمیانی درجہ کے کاروباری اداروں کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ ہوگا، عالمی مارکیٹ میں مسابقتی برتری کیلئے مصنوعات کی ویلیوایڈیشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انابلرز ثاقب اظہر نے پاکستان کی ایمازون سیلرز فہرست میں شمولیت کے تناظر میں ابھرتے ہوئے موقع سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انابلرز ثاقب اظہر، چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن، سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت تجارت عائشہ حمیرا موریانی، مختلف ای کامرس اداروں کے سینئر ممبران، ایف بی آڑ، اسٹیٹ بینک کے نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر انابلرز ثاقب اظہر نے ایمازون اور ای کامرس سیلرز کو درپیش مسائل اور ای کامرس کے مواقع سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن نے بتایا کہ ان کا ادارہ نوجوان انٹرپرینیورز کو ای کامرس کے شعبہ میں تربیت کیلئے موثر اقدامات کر رہا ہے تاکہ وہ ابھرتے ہوئے معاشی مواقع سے فائدہ حاصل کر سکیں۔
پاکستان کی ایمازون سیلرز فہرست میں شمولیت کو سراہتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوان انٹرپرینیورز کو ای کامرس سے بھرپور استفادہ کیلئے تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ای کامرس کو فروغ دینے کے تناظر میں صدر مملکت نے کہا کہ متعلقہ ادارے ای کامرس کے برآمدکنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں برآمدات کے فروغ کیلئے ای کامرس کے فروخت کنندگان کو سہولیات فراہم کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایمازون سیلرز فہرست میں شمولیت سے برآمدات کے متنوع اور پاکستان کی بین الاقوامی مارکیٹوں میں رسائی میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے ای کامرس کے فروغ کیلئے وزارت تجارت کی کوششوں کو سراہا۔