فیک نیوز معاشرے میں انتشار کا باعث بنتی ہیں: صدر عارف علوی

Published On 08 June,2021 04:55 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیک نیوزکی بڑھتی ہوئی لعنت کی حوصلہ شکنی پر زور دیا ہے کیونکہ یہ معاشرے میں انتشار اور لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بنتی ہیں، میڈیا اخلاقی اقدار کے فروغ اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے، پیمرا معلومات کی آزادانہ فراہمی یقینی بنا کر معلومات، تعلیم اور تفریح کے معیار کو بہتر بنائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین پیمرا نے صدر مملکت کو پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کے آزادانہ فروغ اور سہولت فراہم کرنے کے حوالہ سے اپنے ادارے کی سالانہ رپورٹ برائے 20۔ 2019 پیش کی۔ انہوں نے ملک میں سچی اور درست معلومات کی فراہمی کیلئے کئے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ معاشرے کو جھوٹی خبروں کے چیلنج کا سامنا ہے اور یہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ فیک نیوز کے پھیلائو سے گریز کریں کیونکہ اس سے لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ غلط خبریں پھیلانا اسلام کی روح کے منافی ہے اور یہ میڈیا ہائوسز کے ایڈیٹوریل بورڈ اور علماء کرام کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ جھوٹی خبروں کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے اور ان کی رہنمائی کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے چیئرمین پیمرا پر زور دیا کہ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے غیر جانبدارانہ ، درست اور تصدیق شدہ معلومات کے پھیلائو کو یقینی بنائے تاکہ فیک نیوز کے تدارک کو یقینی بنایا جا سکے۔ صدر مملکت نے پیمرا کی کارکردگی کو سراہا اور چیئرمین پیمرا کو اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا

Advertisement