نئی دہلی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر کچھ خبریں وائرل ہو رہی ہیں جس مںی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بالی وڈ کے مشہور اداکار دلیپ کمار انتقال کر گئے ہیں، ان کی اہلیہ ان خبروں کو جعلی قرار دیدیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی فلموں کے شہرہ آفاق اداکار شہنشاہ جذبات کے لقب سے مشہور دلیپ کمار کو سانس لینے میں شکایت کے بعد اتوار کے روز ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی طبیعت اب بہتر بتائی جا رہی ہے۔
دلیپ کمار کی اہلیہ اور اداکارہ سائرہ بانو نے شہنشاہ جذبات کی موت کی افواہوں کوجعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر دو تین دنوں میں گھر واپس لوٹ آئیں گے۔
Don’t believe in WhatsApp forwards.
— Dilip Kumar (@TheDilipKumar) June 6, 2021
Saab is stable.
Thank you for your heart-felt duas and prayers. As per doctors, he should be home in 2-3 days. Insh’Allah.
انہوں نے دلیپ کمار کے مداحوں سے اپیل کی کہ واٹس ایپ پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
دلیپ کمار کے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سائرہ بانو نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ صاحب کی حالت مستحکم ہے۔ آپ نے ان کی صحت کے لیے دل سے جو دعائیں کی ہیں ان کے لیے شکریہ۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ دو تین دن میں گھر لوٹ جائیں گے۔ انشا اللہ۔
یوسف خان عرف دلیپ کمار کو سانس لینے میں شکایت کے بعد اتوار کی صبح ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں انہیں آکسیجن سپورٹ دیا جا رہی ہے۔ ہسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار کی صحت کے حوالے سے طرح طرح کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔
دلیپ کمار کا علاج کرنے والے ڈاکٹر جلیل پارکر نے ایک ٹوئٹ کر کے بتایا کہ وہ مستحکم ہیں۔ ان کے کئی ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، جن کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل دلیپ کمار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اتوار کے روز ایک ٹوئٹ کی گئی تھی کہ دلیپ کمار کو معمول کی طبی جانچ کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے،”ان کی صحت کے لیے دعا کریں۔"
98 سالہ اداکار کو گزشتہ ماہ بھی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور دو دن کے بعد انہیں رخصت دے دی گئی تھی۔
دلیپ کمار کو ہسپتال میں داخل کرائے جانے کی خبر پھیلتے ہی ہر طرح دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔معروف بھارتی اداکار دھرمیندر نے بھی ان کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل کی۔
— Dharmendra Deol (@aapkadharam) June 7, 2021
85 سالہ دھرمیندر نے ٹوئٹ میں دلیپ کمار اور سائرہ بانوکے ساتھ پرانی تصویر شیئر کرتے ہو ئے لکھا کہ دوستو، دلیپ صاحب ایک نیک انسان ہیں۔ ایک عظیم فنکار کے لیے آپ کی روح سے اٹھی دعائیں ضرور قبول ہوں گی۔جی جان سے آپ سب کا شکریہ۔
دھرمیندر نے اس سے قبل اتوار کے روز بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ مالک سے دعا کیجئے میرے پیارے بھائی، ہمارے یوسف صاحب جلد صحت یاب ہو جائیں۔
بھارتی فلموں کے شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے۔ وہ پشاور کے بازار قصہ خوانی میں 1922 میں پیدا ہوئے تھے۔ دلیپ کمارنے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944ء میں فلم جوار بھاٹا‘ سے کیا۔انہوں نے درجنوں ہٹ فلموں میں اداکاری کی جن میں کوہ نور‘، مغل اعظم‘، دیو داس‘، نیا دور‘، رام اور شیام‘ وغیرہ شامل ہیں۔بڑے پردے پر ان کی آخری فلم 1998میں قلعہ‘ تھی۔
دلیپ کمار کو 2015میں بھارت کے دوسرے سب سے بڑے سویلین اعزاز پدم وبھوشن‘ اور 1994میں فلموں کے سب سے بڑے ایوارڈ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔