صدرمملکت کو ازبکستان،کیوبا،ویتنام،بلغاریہ اورارجنٹینا کے سفرا نے اسناد پیش کردیں

Published On 07 June,2021 09:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ازبکستان، کیوبا، ویتنام، بلغاریہ اور ارجنٹینا کے نامزد سفراء نے اسناد پیش کر دیں۔

اس سلسلے میں پیر کو یہاں ایوانِ صدر میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں نامزد سفراء نے صدر مملکت کو اسناد پیش کیں۔ بعد ازاں انہوں نے علیحدہ علیحدہ صدر مملکت سے مُلاقاتیں بھی کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ تجارت ، معیشت ، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تمام دوست ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، باہمی فوائد کے لئے سیاسی ، معاشی اور ثقافتی سطح پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نامزد سفراء پاکستان کے ساتھ سیاسی ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا کو درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے دوست ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے نامزد سفراء کو ملک کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہا کہ پاکستانی معیشت کورونا کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں، دنیا پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی سیاست کی بجائے جغرافیائی اقتصادیات کے ساتھ ساتھ علاقائی روابط اور معاشی انضمام پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔

اس موقع صدر مملکت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کو انسانی حقوق کی پامالیوں سے روکنے کے لئے فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
 

Advertisement