دنیا میں امن کا استحکام:صدرکا اقوام متحدہ کےکردارکیلئےپاکستان کی حمایت کااعادہ

Published On 28 May,2021 04:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا بھر میں امن، خوشحالی، ہم آہنگی اور کثیر الجہتی برقرار رکھنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدروولکان بوزکر سے ملاقات میں کیا۔ صدر نے عالمی تعلقات میں اقوام متحدہ کے تمام پلیٹ فارمزپر اخلاقیات، برداشت، انصاف اور سچائی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسلاموفوبیا جیسے نسلی تعصب کی تمام موجودہ اقسام سے نمٹا جا سکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر کو عالمی ایشوز پر بالخصوص امت مسلمہ کو درپیش مسائل موثر طور پر اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب میں جنرل اسمبلی کے صدر کو ہلال پاکستان کا ایوارڈ عطا کیا گیا تھا۔

اس موقع پر عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا تھا کہ باوجود اس کے کہ سلامتی کونسل نے حالیہ ہفتوں میں فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کوئی بیان تک نہیں دیا۔ جنرل اسمبلی میں مظلوم عوام کی آواز کو سنا گیا اور پاکستان کی کوششوں سے سیز فائر کو یقینی بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے اڑھائی سو سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جبکہ دوسری طرف صرف پانچ اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔ فلسطین اور کشمیر جل رہے ہیں اور ہم اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ 50 کے عشرہ میں کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے اور مظلوم عوام مسائل حل نہ ہونے پر تشدد پر اترے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ان کیلئے امن کی راہیں کھلنی چاہئیں۔ صدر نے کہا کہ اسی طرح مسئلہ فلسطین بھی حل ہونا چاہئے جس کے دو ریاستی حل کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں بسنے والے اکثریتی لوگوں کا حق تسلیم کیا جائے مگر یہ صورتحال گزشتہ 40 برسوں سے خراب رہی ،یہی صورتحال کشمیر میں ہے جہاں حالات کبھی بہتر نہیں ہوئے، جہاں قبضہ کو جائز قرار دیا گیا۔ آبادی کے تناسب میں تبدیلی لائی گئی ہم اقوام متحدہ سے توقع کرتے ہیں کہ وہ دنیا کو درپیش بڑے عالمی مسائل کے حل میں مدد دے، اسی صورت عالمی امن قائم ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف عالمی ادارے اخلاقیات کی بجائے مفاد پرستی پر مبنی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ مسلمانوں کے پہلے ادوار میں ادارے اخلاقیات پر مبنی تھے اور ہم ایک ایسے ہی عالمی نظام کے خواہشمند ہیں جو اخلاقیات پر مبنی ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیر سمیت عالمی مسائل کے حل کیلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ وولکن بوزکر نے ہلال پاکستان ایوارڈ عطا کئے جانے پر اقوام متحدہ، ترکی اور اپنی جانب سے پاکستان کے ساتھ اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کا ایک بڑا جمہوری ادارہ ہے جو دنیا کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر گزشتہ ہفتہ پاکستان کی قیادت کی نیویارک آمد پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے کوئی اقدام نہ اٹھایا گیا مگر جنرل اسمبلی دنیا کی آواز بن کر ابھری۔ انہوں نے کہا کہ ہم غلط رویوں کے خاتمہ اور اچھے پہلوئوں کا آغاز کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک میں سے پاکستان ایک بڑا کردار ادا کر سکتا ہے اور ہم فلسطین اور افغانستان کے مسائل کے حل میں مدد کیلئے بھی پاکستان سے بڑی توقعات کررہے ہیں۔
 

Advertisement