اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ عقیدے، ثقافت، روایت اور باہمی خیر سگالی کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں باہمی مفاد میں مزید وسعت دی جانی چاہیے۔
وہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان توانائی ، سائنس ، ٹیکنالوجی ، زراعت اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد کے لئے باہمی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سعودی عرب کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے، امید ہے کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری پر سعودی حکومت پاکستانی شہریوں پر سفری پابندیوں میں آسانی پیدا کرے گی۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت خادمینِ حرمین شریفین اور سعودی عرب کی قیادت کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی روابط کی مدد سے میڈیا اور ثقافت کے میدان میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ صدر مملکت نے مشکل وقتوں میں پاکستان کی مددکرنے پر سعودی عرب کے تعاون کو سراہا اور اسلامی دنیا میں اتحاد کے فروغ ، علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سعودی کوششوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین معیشت ، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو باہمی فائدے کے لئے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔