مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے عام انتخابات کا بگل بجنے والا ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور اٹک میں مہاجرین کی نشستوں ایل اے 43 ویلی چار اور ایل اے 44 ویلی پانچ سے 21 امیدوار میدان میں اتر چکے ہیں، مجموعی طور پر 8 ہزار 679 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ویلی 4 ایل اے 43 میں 1 ہزار 122 خواتین ووٹرز سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار 432 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ حلقے میں 8 امیدوار میدان میں ہیں، عوامی مسلم لیگ، مسلم کانفرنس کے حمایت یافتہ تحریک انصاف کے امیدوار جاوید بٹ اور ن لیگ کی نسیمہ خاتون کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
ایل اے 44 ویلی پانچ میں مجموعی طور پر 6 ہزار 247 ووٹرز ہیں، اس حلقے میں 13 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، تاہم مسلم لیگ ن کے امیدوار احمد رضا قادری اور مسلم کانفرنس کی مہر النساء کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔ مقامی قیادت سے ناراضگی نے پی ٹی آئی کے امیدوار بشیر احمد خان کی پوزیشن کمزور کر دی ہے۔ پیپلزپارٹی کے راشد اسلام بٹ بھی جیت کیلئے کوشاں ہیں۔