مظفر آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے سخت نوٹس کے بعد وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور انتخابی مہم چھوڑ کر اسلام آباد پہنچ گئے۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور آزاد کشمیر سے واپس چلے گئے ہیں، وہ انتخابی مہم چھوڑ کر واپس اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو اشتعال انگیز بیانات کے باعث واپس چلے جانے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں وفاقی وزرا کی گاڑیوں پر پتھراؤ، گارڈز کی ہوائی فائرنگ
الیکشن کمیشن حکام نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی آزاد کشمیر میں جلسے جلوسوں میں شرکت اور تقاریر پر پابندی عائد کر دی تھی۔
جمعے کو الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور آزاد کشمیر میں انتخابی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر آزاد کشمیر کے الیکشن میں دانستہ طور پر منفی انداز میں متاثر کر رہے ہیں اور اس کی پاداش میں انتخابی مہم اور جلسے جلوسوں میں شرکت اور تقریر کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر کے افعال کی وجہ سے نہ صرف امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے بلکہ انسانی جانوں کے ضیائع کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔