کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علی زیدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔
کورونا وائرس ایک بار پھر زور پکڑتا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ علی زیدی نے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے بتایا کہ کورونا کا شکار ہوگیا ہوں اور خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے ماسک پہننے اور احتیاط کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 939 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 34 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 51 ہزار 707، سندھ میں 3 لاکھ 62 ہزار 182، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 41 ہزار 359، بلوچستان میں 29 ہزار 357، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 607، اسلام آباد میں 85 ہزار 230 جبکہ آزاد کشمیر میں 22 ہزار 592 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 84 ہزار 899 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 215 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 23 ہزار 472 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 525 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 11 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 939 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 909، سندھ میں 5 ہزار 185، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 405، اسلام آباد میں 789، بلوچستان میں 321، گلگت بلتستان میں 122 اور آزاد کشمیر میں 608 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔