پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ دوستی ہمیشہ مستحکم ہوئی، دفتر خارجہ

Published On 25 July,2021 06:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ آزمودہ دوستی ہمیشہ مستحکم ہوئی ہے، بدلتی ہوئی علاقائی و بین الاقوامی صورتحال کے باوجود یہ متاثر نہیں ہوئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ چین مکمل ہونے کے بعد دفتر خارجہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاک چین سدا بہار دوستی ہمیشہ پھلی پھولی ہے اور مستحکم ہوئی ہے ، جبکہ علاقائی اور عالمی بدلتی ہوئی صورتحال کے بھی اس پر اثرات نہیں پڑے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنا چین کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوئے، چین میں انہوں نے چینی سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں نے سدا بہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔چین کی خارجہ امور کی وزارت کے ترجمان نے دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات سے متعلق ٹویٹ کیا ،ٹویٹ میں کہا گیا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے کے سب سے زیادہ قابل اعتماد اچھے ہمسائے ، اچھے دوست اور اچھے بھائی ہیں۔
 

 

Advertisement