راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اللہ تعالی عزتوں کے فیصلے کرتا ہے، عمران خان نے راولپنڈی میں ایک رکشہ ڈرائیور کو ٹکٹ دیا، بڑے بڑے امیدوار منہ دیکھتے رہ گئے۔
لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ساری قوم کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں وزیر داخلہ ہوں، کوئی ایف سی اور رینجرز نہیں لگائی، اگر کوئی ثابت کر دے تو میں جواب دہ ہوں۔ ہمارے شہر کی روایت ہے کہ ہم الیکشن میں نہیں لڑتے۔
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی کشمیر میں بھی حکومت بننے جا رہی ہے، سندھ بھی تیاری رکھے۔ ایک دن سندھ میں بھی تحریک انصاف حکومت بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں الیکشن آسان ہوتا ہے۔ کل ہی لاہور میں کہہ دیا تھا کہ سات بجے نتائج کا اعلان کروں گا۔ پاکستان میں دنیا کے بڑے کام عمران خان کرنے جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی طرح راولپنڈی، لاہور اور پشاور سے بھی جعلی شناختی کارڈ نکالنے جا رہا ہوں۔ راولپنڈی شہر نے ثابت کیا عوام عمران خان کیساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جو پیسہ خرچ ہوا اس کا ذکر نہیں کرنا چاہتا، یہ جمہوریت کی توہین ہے۔ عمران خان اس لیے کہتے ہیں کہ الیکٹرانک مشین کا الیکشن کروایا جائے تاکہ دھاندلی کو روکا جا سکے۔
شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف پہلی بار ایک غریب آدمی کے ساتھ راولپنڈی سے کشمیر الیکشن جیتی ہے۔ اس پر میں سارے شہر کو مبارکباد دیتا ہوں، کیش گروپ ہار گیا، عمران خان جیت گیا۔